اداکارعمران عباس کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں پاکستانی فلموں کی کہانیوں اور اسکرپٹس پر ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔
عمران عباس حال ہی میں نجی ٹی وی شو ’دی مرزا ملک شو ’میں شریک ہوئے جس دوران میزبان شعیب ملک نے ان سے پاکستانی فلموں میں کام نہ کرنے سے متعلق سوال کیا۔
سوال کے جواب پر عمران عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالیہ جتنی بھی فلمیں ریلیز ہوئیں ان فلموں کے 50 فیصد اسکرپٹ میرے پاس موجود ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ پاکستان میں ابھی فلموں کے اسکرپٹ اور کہانیوں پر بہت کام کیے جانے کی ضرورت ہے۔
اداکار عمران عباس نے کہا کہ ابھی شاید میں اس قابل نہیں کہ ان خوبصورت فلموں کا حصہ بن سکوں، میں حال ہی میں بھی جن فلموں پر کام کررہاں ہوں وہ پاکستان سے نہیں ہیں، ان میں سے ایک فلم امریکا، 2 بالی وڈ اور ایک انڈین پنجابی فلم ہے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے بہت خوشی ہے کہ اس بات کی میری خواہش پوری ہوگئی کیوں کہ مجھے شوق تھا کہ میں پنجابی سنیما میں بھی کام کروں، پنجابی سنیما دنیا میں بہت مقبول سنیما ہے اس زبان میں جتنی خوبصورتی اور چاشنی موجود ہے میرے خیال میں وہ دنیا کی دوسری زبانوں میں نہیں پائی جاتی‘۔