وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء کا کہنا ہے کہ عمران خان آہستہ آہستہ اپنے انجام کی جانب بڑھ رہا ہے، اب 13 مارچ کے بعد کوئی اورگنجائش نہیں ہوگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ آج کا دن خواتین کے لیے اہم ہے، عورت مارچ کی ایکٹویز کے ساتھ حیا مارچ بھی ہو رہا ہے، دوسری جانب عمران خان نے ایک برگر مارچ کا اعلان کیا ہے، اور وہی ایریا ہے کہ وہاں عورت مارچ، حیا مارچ ہو رہا ہے، پی ٹی آئی سے پہلے کہہ دیا گیا تھا کہ اپنا روٹ شیئر کریں، مگر انہوں گوارانہیں کیا۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ان جلسوں میں ایسی صورتحال ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے پریشانی ہوسکتی ہے، ایجنسیوں کی رپورٹ کے تحت پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، پنجاب حکومت نے یہ اقدام حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ عدالتوں سے ان کو ریلیف مل رہا ہے جو یہ مانگتے ہیں، اس کے باوجود یہ عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے، عدالتیں آپ سے جواب مانگ رہی ہیں، ان کو ریلیف کے باوجود عدالتوں پر اعتماد نہیں رہا، اس کے ساتھ اگر شفقت کا سلوک ہوگا تو سوال اٹھیں گے، اور عدلیہ کی غیر جانبداری کے اوپر بھی حرف آئے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان کو ریلیف ملنا حیران کن ہے، عام آدمی بھی یہ سوال اٹھائے گا کہ ہمارے کسی بھی ایشو پر سووموٹو نوٹس نہیں اٹھایا گیا، عدلیہ کے معزز ادارے کے لیے بھی مشکلات ہو رہی ہیں، عدلیہ کے کئی فیصلے ہمارے لیے حیرانی کا باعث ہوتے ہیں۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ امید کی جاتی ہے کہ عمران خان 13 تاریخ کو عدالت میں پیش ہوں گے، اگر وہ پیش نہیں ہوگا تو اس کو جرم کے مطابق سزا دی جائے، اگر اسی طرح قانون سے بھاگے رہے تو کب تک خیر منائیں گے، اب 13 مارچ کے بعد کوئی اور گنجائش نہیں ہوگی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان آہستہ آہستہ اپنے انجام کی جانب بڑھ رہا ہے، اس نے 12 ارب روپے کی کرپشن فرح گوگی اور اپنی بیگم کے ساتھ مل کر کی، عدالتوں میں توڑپھوڑ کے بعد عمران خان ڈس کریڈٹ ہوا ہے، سسٹم میں کوئی ایسے لوگ نہیں جنہوں نے ان کے خلاف ایکشن سے روکا ہو، اس فتنہ سےنپٹنے کے لیے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔