میزبان فہد مصطفیٰ کے پی ایس ایل پر مبنی پروگرام میں کامیڈینز کی جانب سے تضحیک کا نشانہ بننے والے اداکار سمیع خان نے اپنا ردعمل جاری کردیا۔
اداکار نےاپنے ساتھ پیش آئے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محبت اور ہمدردی ظاہر کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔
سمیع خان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہاکہ میں پریشان اور تکلیف میں تھا، نہ صرف اس وجہ سے جو مجھ پر گزرا بلکہ اس وجہ سے بھی کہ میرے گھر والوں کو بھی اس سب سے گزرنا پڑا، اس لیے دعا کی اور ہر چیز اللہ پر چھوڑ دی“۔
انہوں نے کہاکہ ہماری کامیابی اور ناکامی اللہ کے ہاتھ میں ہے، لوگوں کے ہاتھ میں نہیں۔اگر وہ تمہارے ساتھ ہے تو کوئی تمہیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔اللہ میرے ساتھ ہے ۔
سمیع خان نے کہاکہ میں آگے بڑھنا چاہوں گا اور اس پر مزید بحث کرنا یا اسے کوئی اہمیت نہیں دینا چاہوں گا۔ محبت اور حمایت کے لیے ایک بار پھر آپ کا بہت بہت شکریہ! ۔
انہوں نے براہ راست پیغامات، پوسٹس کے ذریعے پیار اور حمایت کااظہار کرنے پر تمام دوستوں، پرستاروں اور خاندان کےافراد کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ صبر کرنا مشکل ہے لیکن یہ آپ کے ایمان کو مضبوط بناتا ہے۔