لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کرانے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 10 کی روشنی میں اپیلیں نمٹا دیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس چوہدری محمد اقبال اور جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل بینچ نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اپیلوں کو نمٹا دیتے ہیں۔
جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ مجھے اپیلوں کو نمٹانے پر اعتراض ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ نہیں دے سکتا، میں نے اسی بات کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی۔
انٹرا کورٹ اپیلوں میں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا تھا۔
اپیل میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ سنگل بینچ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، گورنر پنجاب نے اسمبلی تحلیل نہیں کی اس لئے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کرسکتے، قانون کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں ہے، الیکشن کمیشن کو الیکشن کی تاریخ کا کہنا آئین اور الیکشن ایکٹ کے خلاف ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کی تاریخ سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 10 کی روشنی میں اپیلیں نمٹادیں۔