لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی بطور چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نئے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن وزارت قانون و انصاف کے جوائنٹ سیکرٹری عمر عزیز کی جانب سے جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد 3 سال کے لئے چیئرمین نیب کے فرائض سرانجام دیں گے، 3 سالہ مدت کا آغاز نذیر احمد کے چارج سنبھالنے کے دن سے ہوگا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اپو زیشن لیڈر راجہ ریاض سے مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو چیئر مین نیب کی تقرری کی منظوری دی تھی۔
سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان کے عہدے سے مستعفی ہونے کی وجہ سے چیئرمین نیب کی نشست خالی تھی۔
مزید پڑھیں: چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفیٰ منظور کرنے کا نوٹیفکیشن جاری
ذرائع کے مطابق آفتاب سلطان کو اۤزادانہ کام نہ کرنے دینے پر تحفظات تھے اس لئے وہ مستعفی ہوگئے تھے۔
21 فروری کو سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے ذاتی وجوہات کی بناء پر استعفیٰ دے دیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیب کا استعفیٰ منظور بھی کر لیا تھا۔
وزارت قانون کی جانب سے آفتاب سلطان کے استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ جس میں آفتاب سلطان کا استعفیٰ 15 فروری سے منظور کیا گیا۔
مزید پڑھیں: نیب کا چارج ظاہر شاہ کے سپرد، نوٹیفکیشن جاری
مستعفی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا تھا کہ مجھے کچھ چیزوں کے بارے میں کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں۔ میں شرائط کےساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتا اس لئے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔