وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر دوحہ پہنچ گئے، جہاں وہ اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم 5 سے 6 مارچ کو دوحہ میں قیام کریں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس کے دوران کم ترقی یافتہ ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا، جن سے انہیں خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔
دوحہ پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میں اپنے بھائی شیخ تمیم بن حماد کی دعوت پر دوحہ پہنچا ہوں اور ایل ڈی سیز ممالک پر یواین کانفرنس میں شرکت کروں گا، جہاں سماجی و معاشی چیلنجز پر پاکستان کا موقف پیش کروں گا۔
وزیراعظم شہباز شریف 6 مارچ کو کانفرنس کے اجلاس سے خطاب کریں گے، دوحہ میں کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف شریک رہنماؤں اور وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں اور بات چیت کریں گے۔ امیر قطر کانفرنس میں شریک سربراہان مملکت اور وزرائے اعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف بھی امیر قطر کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔