Aaj Logo

شائع 04 مارچ 2023 09:01pm

’اپنے مہمانوں کو ڈی گریڈ کرنا مذاق نہیں ہوتا‘

معروف پاکستانی اداکار سمیع خان حال ہی میں اداکارہ مومل خان کے ہمراہ نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شریک ہوئے تھے جہاں کامیڈین شیخ قاسم نے سمیع خان سے کچھ تنقیدی سوالات کیے۔

پروگرام میں اداکار سمیع کو بطور مہمان مدعو کیا گیا اور پروگرام میں موجود کامیڈین نے مزاح کے نام پر ان سے ایسے تلخ اور کڑوے سوالات کئے گئے کہ ساتھی فنکاروں نے اسے مہمان کی بے عزتی قرار دیا ۔

شیخ قاسم نے سوالوں کے دوران کہا کہ سمیع خان ایک ناکام اداکارہیں، وہ بحیثیت مرکزی اداکار کبھی کامیاب نہیں ہوئے۔ شیخ قاسم نے اداکار سے یہ سوال کیا کہ ایک مصنف (خلیل الرحمن قمر) نے آپ کو ڈرامے کے سیٹ پر ڈانٹا تھا، اس بارے میں آپ کا کیا کہنا ہے؟

اِن تمام متنازع سوالوں کے جواب میں سمیع خان مسکراتے رہے اور انہوں نے کہا کہ جن مصنف کا آپ نام لے رہے ہیں آپ اُن سے خود ہی اس بارے میں معلوم کرلیں۔

پروگرام کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو اس میں سمیع خان کو عاجزی سے کڑوے سوالات کے جواب دینے پر اداکار منیب بٹ ، عائشہ عمر ، ارمینہ رانا خان اور عائشہ ملک سمیت دیگر شوبز فنکاروں سمیع خان کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے کامیڈین سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ۔

اداکار سمیع خان گزشتہ 19 برس سے شوبز سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے متعدد فلموں میں تو کام کیا ہی ان کے کئی ڈرامے پاکستان میں اور پاکستان سے باہر بھی پسند کیے گئے۔

حال ہی میں ان کا ڈرامہ ’تنکے کا سہارا‘ ٹی وی پر نشر ہورہا ہے جب کہ وہ رواں سال ’دی ونڈو‘ کے ذریعے اپنا ہالی وڈ ڈیبیو بھی کریں گے۔

Read Comments