پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمارے حوصلے پست نہیں بلند ہوئے ہیں، زرداری کی وجہ سے ذوالفقار بھٹو کا خواب پورا نہ ہوسکا۔
اٹک جیل سے رہائی کے بعد شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حوصلے پست نہیں بلند ہوئے ہیں، پنجاب نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دینا ہے، 2018 کے الیکشن میں ہماری کامیابی ادھوری تھی، اب ہم نے اس کامیابی کو مکمل کرنا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا خواب پورا نہ ہوسکا، زرداری کی وجہ سے ذوالفقاربھٹو کا خواب پورا نہ ہوسکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خودارخارجہ پالیسی چاہیئے، پرانے چوروں سے نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ جیل بھکر سے رہا ہونے والے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ یہ جیل اور ظالم جابر حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے راستے نہیں روک سکتے، یہ رانا ثناء اللہ جو روز بڑھکیں مارتا تھا، دیکھ لے کپتان کے سپاٸی جیلوں سے نہیں ڈرتے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ ہم اپنے کپتان عمران خان کے ساتھ حقیقی آزادی کی جنگ لڑتے ہیں، بھکر کے تمام پی ٹی آٸی عمران ٹاٸیگرز اور پی ٹی آٸی سابق ایم پی ایز کا شکریہ ادا کرتا ہوں ان کی محبتیں ہمیشہ یاد رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بھکر کی مٹی محبت کرنے اور عمران خان کے نظریے کے چاہنے والوں کی ہے، سب الیکشن کی تیازی رکھیں انشاء اللہ دوتہاٸی اکثریت کپتان دوبارہ آئے گا۔