Aaj Logo

شائع 03 مارچ 2023 07:30pm

لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو بحال کر دیا

لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی جیل خانہ جات مبشر احمد خان کو بحال کر دیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں آئی جی جیل خانہ جات مبشر احمد کی برطرفی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق سلیم شیخ نے کیس کی سماعت کی۔

برطرف آئی جی پنجاب کے وکیل اشتیاق اے خان نے عدالت کے سامنے مؤقف پیش کیا کہ نگران حکومت پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو غیر قانونی طور پر عہدے سے ہٹا دیا ہے، نگران حکومت کو آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کی برطرفی کا کوئی استحقاق نہیں ہے۔

وکیل نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ نگران حکومت کا کام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے، عدالت آئی جی جیل خانہ جات کی برطرفی کا حکم کالعدم قرار دے۔

سرکاری وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ دفاتر بند ہونے کے باعث ہدایات نہیں لی جا سکیں۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کیا آج آدھے دن کی چھٹی تھی۔ عدالت نے نگران حکومت پنجاب کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات کی تعیناتی کا معطل کیا گیا نوٹیفکیشن بحال کر دیا۔

عدالت نے حکومت پنجاب اور فریقین سے 27 مارچ تک جواب بھی طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ نگران حکومت پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات مبشر احمد کو برطرف کرکے ان کی جگہ میاں فاروق نذیر کو تعینات کردیا تھا۔

گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان فاروق نذیر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، فاروق نذیر تیسری بار آئی جی مقرر ہونے والے جیل خانہ جات کے واحد افسر ہیں۔

Read Comments