پشاور: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، انتخابات میں اتفاق رائے کے لئے ایوان صدر میں بیٹھنے کو تیار ہوں۔
آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حاجی غلام علی نے صدر مملکت کے انتخاب کی تاریخ دینے پر کہا کہ بہتر ہوتا ہے ہم سے مشاورت اور تجاویز لینے کے بعد اتفاق رائے سے الیکشن کی تاریخ دی جاتی۔
گونر کے پی کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان نے تاریخ دی، مجھے الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال کوئی خط نہیں ملا، جب خط آجائے گا تو دیکھیں گے۔
صوبے میں الیکشن کے حوالے سے مشاورت پر گورنر غلامی نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صورت حال میں زمین اور آسمان کا فرق ہے، میرا کام تاریخ دینے تک ہے جس کے بعد صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے البتہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اسی لئے اتفاق رائے کے لئے ایوان صدر میں بیٹھنے کو تیار ہوں۔
واضح رہے کہ صدر پاکستان عارف علوی نے 30 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کے علاوہ گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ بھیجا جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کا منتظر ہے۔