کراچی میں اسپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) نے کارروائی کرکے صنعت کاروں سے بھتہ وصول کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی اسپیشل سکیورٹی یونٹ جنید شیخ کے مطابق ملزم کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے جو بظاہر واٹر ٹینکر کا کام کرتے تھے۔
جنید شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی جانب سے بھتے کی پرچی کے ساتھ گولی بھیجی جارہی تھی، متعدد ایسے واقعات میں 2 سے 5کروڑ بھتہ مانگا جارہا تھا جب کہ عدم ادائیگی کی صورت میں اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان ماضی میں بھی بھتہ وصول کرنے میں ملوث رہے ہیں، بھتے کی رقم دہشت گردی میں استعمال کی جاتی تھی، بھتہ خوروں کو فیکٹری ملازمین اندر کی معلومات فراہم کرتے تھے اور بھتہ نہ دینے پر ملزمان صنعتکاروں کو اغوا کر لیتے تھے۔
ایس ایس پی اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے مطابق ملزمان ڈالر، یورو، درہم میں رقم منتقل کرکے اسے با آسانی اپنے علاقوں میں لے جاتے تھے۔