پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی مبینہ آڈیو میں ٹرک کے ذکر کے بعد مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے ٹرک کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے رد عمل میں ”پاکستان ٹرکِ انصاف“ لکھ دیا۔
لیک ہونے والی آڈیو میں فواد چوہدری اپنے بھائی فیصل چوہدری کے ساتھ گفتگو کررہے تھے کہ اس دوران انہوں نے “ ٹرک“ کے لفظ کا استعمال کیا۔
آڈیو لیک ہونے کے بعد ہی سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار ہوگئی اور اسی دوران مریم نواز نے ٹوئٹر ایک ٹوئٹ کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ ”پاکستان ٹرکِ انصاف“ ساتھ ہی دو ٹرک کی تصاویر بھی شئیر کیں۔
مریم نواز نے ٹرکوں پر بنائے جانے والی ٹرک آرٹ کی تصاویر شئیر کیں، جن میں سے ایک پر فواد چوہدری اورعمران خان کی پینٹنگ بنی ہوئی تھی، جبکہ دوسری تصویر“ ہارن دے کر پاس کر، ٹرک دے کر انصاف کر“ درج تھا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پرفواد چوہدری اور ان کے بھائی فیصل چوہدری کی ایک غیرمصدقہ آڈیو وائرل ہے جس میں وہ مبینہ طورپرکوئی معاملہ سیٹل کررہے ہیں ۔
بات چیت کا آغازدونوں طرف سے ’ہاں جی‘ سے ہوتا ہے جسکے بعد فواد چوہدری کہتے ہیں کہ، ’اپنے لاہورکے سی جے (چیف جسٹس ) کہہ رہے ہیں کہ میری کوئی جنرل کراﺅ بندیال کے ساتھ ، دوسرا اپنا مظاہرکو ڈارصاحب کے ذریعے، ان سے مل لیں ۔۔۔۔ ان کو کہیں کہ ان کے نام کا پورا ٹرک کھڑاہے، آپ بتائیں اس کا کیا کرناہے ۔ دوسرا میری ذاتی تجویز ہے کہ یہ کرنے کے بعد تارڑ پر تین چاراستغاثہ کروا کراس پر 228 لگوا دیں، تاکہ ان پر پریشر پڑے۔‘
بھائی سے ہدایات لینے کے بعد فیصل چوہدری کہتے ہیں کہ، ’میں صبح ہی کرلیتاہوں‘ اس پر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہصبح ان سے پوچھ کر بتانا۔