تحریک انصاف نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کےخلاف تنقید اور پنجاب ، خیبر پختونخوا انتخابات کیلئےانتخابی مہم شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔
لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں پی ٹی اۤئی رہنماؤں کی اہم بیٹھک ہوئی۔ اجلاس میں سیاسی ، معاشی صورتحال اور انتخابی مہم کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور اہم فیصلے کیے گئے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ملک کی معاشی صورتحال کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید کی۔
اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ہونے والے انتخابات کیلئے چار مارچ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اہم مشاورت میں تحریک انصاف نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان حکومت کی ناکام معاشی پالیسی کیخلاف رائے عامہ ہموار کریں گے۔
پارٹی چیئرمین عمران خان نے ضمنی انتخابات کیلئے امیدوار جلد شارٹ لسٹ کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں جیل بھرو تحریک میں گرفتار افراد کی رہائی پر بھی مشاورت کی گئی،عمران خان نے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کیلئے لیگل ٹیم کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔
پارٹی چیئرمین کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شبلی فراز، عمران اسماعیل، فواد چوہدری، فرخ حبیب، عامر کیانی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔