Aaj Logo

شائع 02 مارچ 2023 08:33pm

پاکستانی شارٹ فلم ’نور‘ نے کانز ورلڈ فلم فیسٹیول میں کامیابی حاصل کر لی

پاکستان کی متنازع فلم ’جوائے لینڈ‘ کے بعد ایک اور فلم ’نور‘ نے کانز فلم فیسٹیول کا میلہ لوٹ لیا۔

عینک اور بینائی سے متعلق جڑی فرسودہ روایات اور پاکستانی سماج کے عام افراد کی سوچ پر بنائی گئی مختصر فلم ’نور‘ فرانس میں ہونے والے آن لائن فلمی میلے میں ایوارڈ لینے میں کامیاب ہوگئی۔

فلم کی کہانی چشمہ پہننے سے خاص طور سے لڑکیوں کی شخصیت متاثر ہوتی ہے، وہ بڑی عمر کی دکھائی دیتی ہیں اور ان کے اچھے رشتے نہیں آتے، جیسے دقیانوسی خیال پر مبنی ہے ۔

مختصر فلم میں ثروت گیلانی، عمیر رانا، منزہ وقاص، تنیشا شمیم اور تسنیم انصاری نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

فلم کی اداکارہ ثروت گیلانی نے انسٹاگرام پوسٹس میں فلم کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ ان کی فلم فرانس میں ہونے والے ’کانز ورلڈ فلم فیسٹیول‘ کے آن لائن ایڈیشن میں ہیلتھ کی کیٹیگری میں کامیاب قرار دیا گیا۔

فلم ساز عمیر عادل نے یوٹیوب چینل ’سی پرائم‘ کے لیے بنایا تھا اور اسے رواں برس جنوری میں آن لائن ریلیز کیا گیا تھا۔

Read Comments