Aaj Logo

شائع 01 مارچ 2023 03:52pm

عمران خان نااہلی کیس: درخواست گزار کو آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبینہ بیٹی کو ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کیس میں وکیل درخواست گزار کو آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں لارجربینچ نے مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کیس میں متفرق درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر بھی بینچ کا حصہ ہیں۔

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار محمد ساجد کے وکیل تبدیل ہوگئے، سابق اٹارنی جنرل کی جگہ سابق جج کو وکیل مقرر کردیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عمران خان نے بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا، لہذا انہیں نااہل کیا جائے۔

عمران کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ دو دفعہ الیکشن کمیشن اس معاملے کا فیصلہ کر چکا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اگر عمران خان ممبر قومی اسمبلی نہیں تو پھر کیا صورت حال بنے گی ؟۔ مدعی کے وکیل اور سابق جسٹس حامد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان ابھی بھی ممبر قومی اسمبلی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ کیا آپ نے دیکھا لاہور ہائیکورٹ نے ابھی فیصلہ دیا ہے الیکشن کمیشن نا اہل نہیں کر سکتا؟، اہلیت دیکھنے کا اختیار ہائیکورٹس اور عدالتوں کا ہے۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا کہ حبیب اکرم کیس میں سپریم کورٹ نے بیان حلفی کاغذات کا حصہ بنایا، الیکشن ایکٹ کے مطابق زیر کفالت بچوں کی تفصیلات بتانا لازم تھیں، مگر بچوں کی تفصیلات بتانا تو لازم نہیں ہیں نا؟۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ تفصیلات لازم نہیں ہیں، مگر اثاثوں کی فہرست میں بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات بتانی ہیں، اس اعتبار سے بالواسطہ طور پربچوں کی تفصیلات لازم ہیں۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ اگر تفصیلات غلط جمع کرائی گئی ہوں تو الیکشن ایکٹ کیا کہتا ہے؟۔ وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ اگر تفصیلات غلط ہوں تو یہ کرپٹ پریکٹس میں آئے گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ غلط تفصیلات پر الیکشن کمیشن نے 120دن کے اندر ایکشن لینا ہوتا ہے، اگر الیکشن کمیشن نے ایکشن نہیں لیا تو پھر بس نہیں لیا۔

عدالت نے وکیل درخواست گزار کو آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت بدھ تک کے لئے ملتوی کردی۔

Read Comments