Aaj Logo

شائع 01 مارچ 2023 10:11am

آج پاکستان کی جمہوری تاریخ کا اہم ترین دن ہے، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی جمہوری تاریخ کا اہم ترین دن ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی جمہوری تاریخ کا اہم ترین دن ہے یا تو معاشی، سیاسی، سماجی، اقتصادی استحکام ملے گا یا ملک سیاسی انتشار، خلفشار میں چلا جائے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں موجود سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے آئی ایم ایف نے 98 جیسی 4 مزید سخت شرائط کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ موڈیز نے ریٹنگ بھی کم کردی اور ڈیفالٹ کے خطرے کی گھنٹی بھی بجادی، سیلز ٹیکس بھی 17 سے 18 فیصد کردیا ہے۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ ایل پی جی بجلی مہنگی اور پیٹرول نایاب ہونے جارہا ہے اور پاکستان غریب کے لئے بڑی جیل اور ڈیتھ زون بنتا جا رہا ہے، کوئی سمندر کوئی سڑک پر اور کوئی گھر پر بھوک کا مارا مر رہا ہے۔

سابق وزیرداخلہ کا کہنا مزید تھا کہ 10 مہینے کے دوران سوائے اپنے کیس ختم کرانے کے حکومت کی کوئی کاکردگی نہیں ہے تاہم ججوں کو تقسیم کرنے کی 1998 کی سازش ہورہی ہے اور ملک 98 کے حالات میں جارہا ہے۔

فسطائی حکومت کے قیام کے بعد کسی قانون اور قاعدے کا احترام باقی نہیں رہا، فواد چوہدری

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ کا فیصلہ ہے کہ دہشت گردی کے قانون کا سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا غیر قانونی ہے، اس فسطائی حکومت کے قیام کے بعد کسی قانون اور قاعدے کا احترام باقی نہیں رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل عمران خان کے استقبال کے لئے آنے والے لوگوں کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا ہے۔

Read Comments