پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری واپس لے لی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال نے لیگی رہنما محسن شاہ نواز رانجھا کی مدعیت میں توشہ خانہ ریفرنس فیصلے کے بعد احتجاج کے تناظر میں عمران خان کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعہ میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے کی سماعت کی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان عدالت کب تک پیش ہوں گے؟ جس پر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا عمران خان لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو چکے ہیں، پہلے بینکنگ کورٹ جائیں گے، پھر کچہری آئیں گے، عدالتی وقت کے اندر کچہری پیش ہو جائیں گے جس پر عدالت نے وقفہ کر دیا۔
بعد ازاں عمران خان کے وکلا نے اُن کی جانب سے دائر کردہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست واپس لے لی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ ای کورٹ کا موقع عمران خان کو نہیں دیا گیا، سیکیورٹی رسک کی وجہ سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کو واپس لے رہے ہیں۔