Aaj Logo

شائع 27 فروری 2023 07:46pm

کرکٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ، پوری اننگز کی ہر بال پر چھکا

کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی تاریخ میں کم ترین اسکور کا نیا شرمناک ریکارڈ قائم کردیا گیا ہے۔

اتوار کو اسپین کے خلاف بین الاقوامی میچ میں آئل آف مین کی تمام وکٹیں صرف 10 رنز پر گرگئیں۔

اسپین نے ٹاس جیت کر آئل آف مین کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، تو پوری ٹیم صرف 8.4 اوورز میں 10 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

یہ اسکور مردوں کے ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں اب تک کا سب سے کم ہے۔

آئل آف مین کے جوزف بوروز چار جبکہ جارج بوروز، لیوک وارڈ اور جیکب بٹلر دو دو رنز بناسکے۔

اسپین کی جانب سے محمد کامران اور عاطف محمود نے چار، چار جبکہ لورنے برنس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اسپین نے 11 رنز کا ہدف صرف 2 گیندوں پر حاصل کرلیا۔

اویس احمد نے دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر ٹیم کو ”شاندار“ فتح دلوائی۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کا سب سے کم ترین اسکور 15 رنز تھا، جو گزشتہ برس بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز نے بنایا تھا۔

Read Comments