بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان کے قریب دہش گردوں کی فائرنگ سے 4 کان کن جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق پیر کو بلوچستان کے معدنی علاقے ہرنائی خوست میں واقع کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے رہائشی ڈیرے پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کر دیا اور فائرنگ کر کے وہاں موجود 4مزدوروں کو قتل کر دیا جبکہ 3شدید زخمی ہوئے ۔
دہشت گردوں نے جاتے ہوئے کوئلے کی 11کانوں کو بھی آگ لگا کر تباہ کر دیا اور قریبی پہاڑوں میں روپوش ہو گئے ۔
جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت سید حنان ،نور خان ،عبدالرحمان اور عبدالحنان جبکہ زخمیوں کی شناخت سید اکرم ، شیر زمان اور باز محمد کے ناموں سے ہوئیں ہیں۔
انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لئے آپریشن شروع کر دیا ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہرنائی کے علاقے خوست میں کوئلہ کان کنوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے فائرنگ سے 4 کان کنوں کے جاں بحق اور 3 کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب اور بے قصور محنت کشوں کو مارنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں، ایسے قابل نفرت عمل میں ملوث عناصر سخت ترین سزا کے حق دار ہیں، دنیا کا کوئی بھی مذہب اور معاشرہ بے گناہ لوگوں کا خون بہانے کی اجازت نہیں دیتا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے بد ترین واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل برؤے کار لائے جائیں، مائننگ کے علاقوں میں سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔
وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے جاں بحق کان کنوں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لواحقین کی بھرپور معاونت کرے گی، زخمی کان کنوں کا علاج حکومتی اخراجات پر کرایا جائے گا، دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کو صبر عطاء کرے۔
ادھر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بھی ہرنائی کے علاقے خوست میں کوئلہ کان کنوں پر فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ واقعے کے زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائے۔
میر ضیاء لانگو نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نامعلوم افراد کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا امن کسی کو تباہ کرنے نہیں دیں گے، اس طرح کے واقعات سوچی سمجھی سازش کے تحت کیے جا رہے۔
میر ضیاء لانگو نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے دعا کی۔