فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کل بینکنگ کورٹ میں پیش ہوں گے۔ سیکیورٹی کے لئے رجسٹرار بینکنگ کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو خط لکھا ہے۔
اسلام اۤباد بینکنگ کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس زیر سماعت ہے۔ عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کو منگل کو طلب کر رکھا ہے۔
پی ٹی اۤئی کی جانب سے عمران خان کی اسلام آباد روانگی سے متعلق مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کیس کی سماعت سے قبل بذریعہ جہاز لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اسلام اۤباد میں بینکنگ کورٹ میں پیشی پر کارکنوں کو بھی تیاری کی ہدایات کردی گئی ہے۔
دوسری جانب فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی کے معاملے پر رجسٹرار بینکنگ کورٹ عبد الوہاب نے آئی جی اسلام آباد کو سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے مراسلہ لکھا ہے۔
مزید پڑھیں: اگرعمران خان پیش نہیں ہوتے تو قانون اپنا راستہ بنائے گا، جج بینکنگ کورٹ
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 28 فروری کو بینکنگ کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کے لئے فل پروف سکیورٹی فراہم کی جائے، متعلقہ بینکنگ کورٹ میں حساس کیسز زیر سماعت ہوتے ہیں، بینکنگ کورٹ کے عدالتی عملے کو بھی سیکیورٹی خدشات ہیں۔
مزید پڑھیں: ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران خان کو 28 فروری کو بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا حکم
خط کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر آئندہ سماعت پر فل پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔