Aaj Logo

شائع 26 فروری 2023 04:26pm

پارلیمنٹ کو ججز کے مواخذے کا اختیار ہونا چاہیئے، وزیراعلیٰ سندھ

آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قوم کو تحفہ ہے، انہوں نے اتفاق رائے سے 1973 کا آئین منظور کرایا، یہ ان کا تاریخی کارنامہ ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آئین پر عملدرآمد ہر شہری کا فرض ہے، آئین کا دفاع مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کی ذمہ داری ہے، آئین کا دفاع کرنا عام شہری کی ذمہ داری نہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضیا دور سے آئین کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ شروع ہوا، اور ماضی میں آرٹیکل 62 اور 63 کا سیاسی استعمال کیا گیا، 2010 سے پہلے اس آرٹیکل زیادہ استعمال نہیں ہوتا تھا، نااہلی کی تلوارلٹک رہی ہو تو کوئی بھی آزادانہ کام نہیں کرسکتا، آج مجھ سمیت تمام وزرا پر کیسز ہیں، توہین عدالت قانون سے ڈرایا جاتا ہے، اراکین پارلیمنٹ کو ڈراتے رہیں گے تو وہ کہاں سے ڈیلیور کر سکیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آئین کے تحت پارلیمنٹ سپریم ہے، اور پارلیمنٹ کو ججوں کے مواخذے کااختیار ہونا چاہیئے، یہ طریقہ بھارت میں موجود ہے، ہماری سیاسی تاریخ میں مقننہ کو دانستہ کمزور کیا گیا۔

Read Comments