چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کے پنجاب میں ہونے والے بقیہ میچز اپنے شیڈول کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
لاہور اور راولپنڈی کے شائقین کرکٹ کے لئے اچھی خبر اۤگئی۔ پنجاب میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے میچز کا تنازع حل ہوگیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچز شیڈول کےمطابق ہونگے، میچز لاہور اور راولپنڈی میں ہی ہوں گے۔
نجم سیٹھی نے نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعلی پنجاب سیکیورٹی اخراجات برداشت کرنے پر رضا مند ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہبازشریف سے رابطہ کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف کو تمام ترمعاملات سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے چیئرمین منجمنٹ کمیٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی ۔ جس کے بعد اب معاملہ حل ہوگیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب کی نگراں حکومت کے درمیان گزشتہ کئی دنوں سے پی ایس ایل ایٹ کے سیکورٹی اخراجات کی مد میں ہونے والے اخراجات پر تنازع چل رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کی نگراں حکومت نے پی سی بی سے 45 کروڑ روپے ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا، پی سی بی کے انکار کے بعد پنجاب کابینہ نے پچاس فیصد رقم ادا کرنے اور کرکٹ بورڈ کو باقی کے 25 کروڑ روپے ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔ جس پر پی سی بی نے انکار کرتے ہوئے بورڈ کے پیٹرن ان چیف سے رابطہ کا کہا تھا۔
پی سی بی اور نگراں حکومت کے مالی تنازعہ کے دوران یہ تجویز بھی سامنے اۤئی تھی کہ لیگ میچز یو اے ای یا امریکا میں کرائے جائیں۔