**راجن پور کے حلقہ این اے193 میں ضمنی الیکشن، غیرسرکاری اور غیرحتمی نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے محسن لغاری نے میدان مار لیا **
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے193 راجن پور میں ضمنی انتخاب کے غیر حتمی اور غیر سرکاری مکمل نتائج آج نیوز کو موصول ہوگئے۔ جس کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار محسن لغاری کو واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل ہوگئی۔ پی ٹی آئی کے محسن لغاری کو 35 ہزار ووٹ کی برتری حاصل ہے۔ پی ٹی آئی کے محسن لغاری نے 90 ہزار 392 ووٹ حاصل کیے۔ ان کے مد مقابل ن لیگ کے عمار اویس لغاری 55 ہزار 218 ووٹ حاصل کرسکے۔ پیپلزپارٹی کے اختر حسن گورچانی نے 20 ہزار 74ووٹ لیے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ 193 راجن پور جام پور میں ضمنی انتخاب کےلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔
حلقہ میں کُل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ 76 ہزار سے زائد ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ پانچ ہزار جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار ہے۔
حلقے میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد237 ہے، جن میں سے 69 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
ضمنی انتخاب کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ این اے 193 راجن پور جام پور کی نشست تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی سردار جعفر خان لغاری کی وفات پر خالی ہوئی تھی۔