لاہورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں اشتیاق اے خان صدر،ربیعہ باجوہ نائب صدر، صباحت رضوی سیکرٹری اور شاہ رخ شہباز وڑائچ سیکرٹری فنانس منتخب ہو گئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے انتخابات میں حامد خان گروپ کے اشتیاق اے خان 7293 ووٹ لے کر صدر منتخب ہو گئے ان کے مد مقابل عاصمہ جہانگیر گروپ کے لہراسب خان 3372 ووٹ حاصل کر سکے۔
نائب صدر کی نشست پر ربیعہ باجوہ 3590 اور سیکرٹری کی نشست پر صباحت رضوی 4310 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئیں۔ فنانس سیکرٹری شاہ رخ شہباز وڑائچ نے 7109 ووٹ حاصل کر کے میدان مار لیا۔
نو منتخب صدر اشتیاق اے خان نے کامیابی کے بعد بار اور بنچ کے درمیان فاصلے ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
لاہور ہائیکورٹ بار انتخابات میں چار نشستوں پر چودہ امیدواروں نے حصہ لیا۔ مجموعی طور پر10 ہزار 7 سو 76 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
الیکشن کےلئے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا اور شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں نے نعرے بازی بھی کی۔