Aaj Logo

شائع 24 فروری 2023 09:06pm

حلقہ 193 میں پی ڈی ایم کا امیدوار ساتھیوں کے ساتھ مل کر خوف پھیلا رہا ہے، عمران خان کا الزام

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حلقہ 193 میں پی ڈی ایم کا امیدوار ساتھیوں کے ساتھ مل کر خوف پھیلا رہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 193 جام پور میں اتوار کو ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے، لیکن پی ڈی ایم کا امیدوار سہولتکاروں کے ساتھ مل کر حلقے میں خوف پھیلا رہا ہے۔

عمران خان نے الزام کیا کہ جان بوجھ کر کسانوں کی فصلوں کو خراب کیا جا رہا ہے، ان کے خلاف ایف آئی آرز کاٹی جا رہی ہیں، اور لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان تمام کاروائیوں کا مقصد جام پور کے لوگوں کو ہراساں کرنا ہے، تاکہ اتوار کو ووٹ ڈالنے نہ آئیں، لیکن میں عوام سے کہتا ہوں آپ سب نے اتوار کو نکلنا ہے، اور اس خوف کو شکست دینی ہے، اور دھاندلی کے باوجود ہمارا امیدوار جیتے گا۔

عمران خان کا ٹویٹ

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے الزام عائد کیا کہ اگر کسی کےذہن میں اب بھی کوئی ابہام باقی ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کا ذمہ دار کون تھا تو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں جمع کروائی جانے والی جے آئی ٹی رپورٹ کا حال دیکھ لے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے مندرجات میں جان بوجھ کر ردوبدل کے ذریعے اب جے آئی ٹی کی تحقیقات و نتائج پر پانی پھیرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک آزادانہ انکوائری کے بعد 4 افسران کو شواہد تباہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پروسیکیوٹر جنرل نے ان کیخلاف کارروائی کی سفارش کی، لیکن طاقتور قوتوں نے سید خرم علی کو کنویئنر بنوا کر ان چاروں افسران کو جے آئی ٹی میں شامل کروانے کیلئے پنجاب کی نگران حکومت سے جے آئی ٹی کی تشکیلِ نو کروائی ہے۔

Read Comments