پاکستان سپُر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے ہرا دیا، اعظم خان کو 97 رنز کی طوفانی اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلےگئے میچ میں اسلام اۤباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 220 رنز بنائے۔
وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان نے طوفانی اننگ کھیلی اور 42 گیندوں پر 97 رنز اسکور کیے، اعظم خان نے اپنی بیٹنگ کے دوران وکٹ کے چاروں جانب دلکش اسٹاکس لگائے۔
محمد اۤصف نے بھی اعظم خان کا بھرپور ساتھ دیا اور 24 بالز پر 42 رنز کی اننگ کھیلی۔
اسلام اۤباد یونائیٹڈ کے کولن منرو بھی 38 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین اور اوڈین اسمتھ نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ نسیم شاہ اور ایمل خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اسلام اۤباد کے 221 رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار نظر اۤئی۔ سرفراز الیون کے بلے بازوں کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور 20 ویں اوور میں پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حفیظ، کپتان سرفراز اور افتخار احمد نے کچھ مزاحمت کی لیکن باقی کوئی بیٹسمین بہتر کھیل پیش نہیں کرسکا۔
محمد حفیظ نے 48 رنز جوڑے، سرفراز احمد نے 41 اور افتخار احمد نے 39 رنز بنائے۔
اسلام اۤباد یونائیٹڈ کے فضل حق فاروقی اور حسن علی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 3، 3 بلے بازوں کا شکار کیا جبکہ ابرار احمد اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔