انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالہ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں رانا ثنا اللہ کے خلاف درج ایک مقدمے میں وفاقی وزیر داخلہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور پولیس کو انہیں 7 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت 5 اگست 2022 کو گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں (ق) لیگ کے مقامی رہنما شاہ کاز اسلم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے میں رانا ثناء اللہ پر چیف سیکرٹری اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔
اس حوالے سے گجرات پولیس نے اخراج مقدمہ کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی تھی تاہم عدالت نے پولیس کی رپورٹ خارج کرتے ہوئے ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
عدالت نے تفتیشی افسر، متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس پی انویسٹی گیشن کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 مارچ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔