Aaj Logo

شائع 23 فروری 2023 06:00pm

ارشد ملک کی ویڈیو موجود ہے لیکن عدلیہ کے احترام میں کمی نہیں لانا چاہتے، رانا ثنااللہ

Welcome

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ ارشد ملک کی ویڈیو موجود ہے لیکن عدلیہ کے احترام میں کمی نہیں لانا چاہتے۔

سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی الیکشن مہم کا آغاز ہوچکا، یہ ورکرز کنونشن انتخابات کی تیاری کا حصہ ہے، ہم اس الیکشن میں فطنے کو شکست دیں گے اور پنجاب میں ن لیگ حکومت بنائے گی۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور قیادت عوام میں جانے سے کبھی گھبراتی نہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ صوبائی اور قومی الیکشن اکٹھے ہونے چاہیے، ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن فری اور فیئرہوں، اور اس وقت پاکستان کی ضرورت وہ الیکشن ہیں جن کے رزلٹ سب کو قبول ہوں، انتخابات کے بعد عمران خان نتائج جو تسلیم نہیں کرے گا، آئین میں لکھا ہے کہ پورے ملک میں جنرل الیکشن ہوں تو کیئرٹیکر سیٹ اپ ہو مسلم لیگ ن اور نوازشریف کا ایک ہی مؤقف ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، ہم نے عدلیہ کی آزادی کے لیے لانگ مارچ کیا، ہم لاہورسے عدلیہ کی آزادی کے لیے چلے تھے اور گجرات پہنچے ہی تھے کہ عدلیہ آزادہوگئی، ہمیں انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے، ارشد ملک کی وڈیو اب بھی موجود ہے، لیکن ہم عدلیہ کے احترام میں کمی نہیں چاہتے۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ جب تک ملک دھرنوں میں گھرا رہے گا، تو معاشی طور مستحکم نہیں ہوگا، فتنہ خان کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار ہے، نوازشریف کی قیادت میں ملک معاشی طور آگے بڑھ رہا تھا، پورے پانچ سال فتنے کی وجہ سے یہ حالات ہوئے ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ نوازشریف کے بغیر یہ حالات بہتر نہیں ہوسکتے، وہ جلد پاکستان میں واپس آئیں گے، اور سرگودھا میں اگلے جلسے سے خطاب کریں گے۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ملک نوازشریف کی قیادت میں ایشین ٹائیگر بننے جارہا تھا لیکن سب سے پہلے غلام اسحاق خان نے ان کے خلاف سازش کی، پھر 2009 میں جنرل پرویزمشرف نے پاکستان اور نواز شریف کے خلاف سازش کی، اور پھر 2018 میں گھڑی چور اور فتنے کو ملک پر مسلط کیا گیا۔

Read Comments