لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری کابینہ کو توشہ خانہ ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں توشہ خانہ تحائف کی1947 سے 2023 تک تفصیلات کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے کہا کہ جس صورت میں ریکارڈ موجود ہے پیش کیا جائے، جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ 2002 سے پہلے کا ریکارڈ نہیں ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ 2002 کے بعد جتنے تحائف ملے ان کی تفصیل دینی ہے، تمام تفصیلات کو چیمبر میں دیکھ لیں گے، جس پر وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ تفصیلات کو ویب سائٹ پر ڈالنا ہے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ کیا یہ بیان حلفی دے رہے ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ بیان حلفی کی ضرورت نہیں ہے، راتوں رات کوئی چیز تبدیل نہیں ہوتی، ہمارا مقصد یہ نہیں کہ کس نے کیا لیا، ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ کے بعد معاملات صاف رہیں۔
بعدازاں عدالت نے سیکرٹری کابینہ کو توشہ خانہ ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی کردی ۔