سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آئندہ 72 گھنٹے ملکی سیاست میں بہت اہم ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ قوم کو صرف عدلیہ سے ہی توقع ہے، باقی سب سے مایوسی ہے، عدلیہ ہی اس ملک کو بحران سے نکالے گی اور چوروں کو آئین کے شکنجے میں لائے گی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ شہباز شریف کی پریس کانفرنس قوم سے مذاق تھی۔ غریب قحط سے مر گیا ہے، مہنگائی کا جن حکومت کو کھا جائے گا۔
شیخ رشید کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا کہ 13 پارٹیاں کسی صورت الیکشن نہیں چاہتیں، صرف عمران خان الیکشن چاہتا ہے، آئی ایم ایف کی صدر بھی کہتی ہے امیروں کو سبسڈی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور نے جیل بھرو تحریک کا حق ادا کردیا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ آل شریف زرداری فضل الرحمان کےعلاوہ سب پاکستان کے لئے پریشان ہیں، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے، آج 2 بجے لیاقت باغ پریس کلب میں خطاب کروں گا۔