کراچی کے علاقے پاپوش نگر قبرستان سے ملنے والے انسانی دھڑ اور ہاتھ کا معمہ حل ہوگیا ہے۔
رواں مہینے ہی شاپنگ بیگ سے برآمد ہونے والی لاش کے ہاتھ، پاؤں اور سر موجود نہیں تھے، جبکہ بنارس فلائی اوور سے ایک انسانی بازو بھی ملا تھا۔
مقتول کی شناخت شہبازخان کے نام سے ہوئی تھی جو پیر آباد کا رہائشی، دو بچوں کا باپ اور رکشہ ڈائیور تھا تاہم اب مذکورہ انسانی دھڑ سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی کہ مقتول کے قتل میں بیوی اور دوست ملوث تھے۔
پولیس نے سہولت کاری میں ملوث ملزم اختر گرفتار کرلیا اور ملزم نے تفتیش میں جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول شہبازخان کا بیوی فیروزہ سے گھریلوجھگڑے ہوتے تھے، جبکہ ملزمہ فیروزہ کی کئی لڑکوں سے دوستی تھی، تو ملزمہ نے ان ہی دوستوں میں ایک کے ساتھ مل کرشہبازکو قتل کیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے مقتول شہبازخان کو قتل کرنے کے بعد لاش کے ٹکڑے 2 مقام پر پھینکے، لاش کا ایک حصہ ملزمہ بیوی دوسرا دوست نے پھینکا تھا۔
پولیس کو ملزمان کے قبرستان سے فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹج موصول ہوگئی ہے جبکہ فیروزہ واردات کے بعد چمن فرارہوگئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کا سی ڈی آرڈیٹا حاصل کرکے تلاش شروع کردی ہے۔