وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے عارف علوی کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کی تاریخ دیئے جانے پر کہا کہ صدر کی اوقات ہی نہیں وہ ایسے فیصلے کریں۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ صدر کی اوقات ہی نہیں کہ وہ ایسے فیصلے کریں، صدر مملکت اپنی اوقات سے باہر نکل رہے ہیں۔
خیال رہے کہ صدر مملکت نے الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 57 ایک کے تحت 9 اپریل بروز اتوار پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی صوبائی اسمبلیوں کے لئےانتخابات کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ ہوا، ڈیفالٹ کی کوئی صورت نہیں بن رہی، البتہ ایف بی آر کا ریکارڈ دیکھ لیں، ادارے ریونیو جمع کرنے میں ناکام ہیں، بڑے بڑے ادارے اور کمپنیاں ڈیفالٹ ہو چکی ہیں لیکن میں نام نہیں لوں گا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ملک کی آدھی آبادی غربت اور آدھی آبادی عیاشی کی زندگی گزار رہی ہے، جو چیزیں زرمبادلہ نہیں بنا رہیں، ان کا کوئی حل سوچنا ہوگا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 4 ہزار روپے پر 1400، 1500 کنال پر مال روڈ پر گالف کلب دیا ہوا ہے، یہ غریبوں کی غربت کا مذاق اڑانے والی بات ہے، اگر کسی کو بسانا ہے تو گالف کلب میں بسائیں، غریبوں کی بستیوں پر بلڈوزر کیوں چلاتے ہیں۔