بلوچستان کے وزیرداخلہ میر ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے والوں سے نمٹنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے میر ضیاء لانگو کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے حوالے سے مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام ادارے ملکر کام کررہے ہیں، صوبے میں تمام غیر ضروری چیک پوسٹس ختم کردی ہیں۔
ضیاء لانگو نے کہا کہ ہم ملک کا دفاع ضرور کریں گے، دہشت گردوں کو عوام کے تعاون سے ختم کریں گے، صوبے کے ہر علاقے میں امن و امان بحال رکھنے والے اداروں کو سہولیات ملنی چاہئے، ہمیں حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی کاروائیاں کرنے والوں کو بھی بے نقاب کرنا چاہئے۔
قبل ازیں رکن اسمبلی اور اے این پی پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے پوائنٹ آف آرڈر پر بولتے ہوئے کہاکہ ہرنائی میں سکیورٹی چیک پوسٹیں دوسری جگہ منتقل کی جائیں، فورسز اور شرپسندوں میں فائرنگ سے مقامی آبادی متاثر ہوتی ہے۔
اے این پی رہنما نے کہ کہ علاقے میں ڈرون اڑنے کے باعث چادر چار دیواری متاثر ہوتی ہے جب کہ ہرنائی میں کوئلہ ٹرکوں کی سکیورٹی کے لئے پٹرولنگ بڑھائی جائے۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس قائم مقام اسپیکر بابر موسیٰ خیل کی صدارت میں شروع ہوا تو ایوان میں بلوچستان دانش اسکولز اینڈ سینٹر آف ایکسی لینس اتھارٹی کامسودہ قانون 2023 وزیر تعلیم نصیب اللہ مری نے پیش کیا جسے کثرت رائے منظور کرلیا۔ بعدازاں اسمبلی اجلاس 21 فروری تک ملتوی کردیا گیا۔