سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ججز کی آڈیو مریم نواز کی سرپرستی میں چلنے والے میڈیا سیل سے لیک ہوئی۔
پرویز الہی سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، راجہ بشارت اور ساجد بھٹی سمیت دیگر رہنماوں نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور ملکی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ ن مریم نواز کی قیادت میں ایک بار پھر عدلیہ پر حملہ آور ہے، مریم اپنے والد کی روایت کو آگے بڑھا رہی ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ کیا تھا، اب معزز جج صاحبان کے فون ٹیپ کیئے جا رہے ہیں جب کہ رانا ثنااللہ بھی عدلیہ کے خلاف حکومتی وسائل استعمال کر رہے ہیں۔
انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے الیکشن میں تاخیر کرنے والے قانونی نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں، ایک وقت آئے گا کہ پی ڈی ایم کی 13 جماعتوں کے پاس صرف 13 ووٹ ہوں گے۔