Aaj Logo

شائع 17 فروری 2023 05:45pm

کراچی میں تین روزہ لٹریچر فیسٹیول کا آغاز ہوگیا

کراچی میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے زیراہتمام منعقدہ تین روزہ لٹریچر فیسٹیول میں 60 سے زائد ایونٹ منعقد کیے جائیں گے جس میں جغرافیائی سیاسی چیلنجز اور موسمیاتی تبدیلیوں سےمتعلق سیشنز شامل ہیں۔

نجی ہوٹل میں منعقدہ لٹریچر فیسٹیول میں پینل ڈسکشن، کتابوں کی رونمائی اورتصویری نمائش سمیت دیگر ادبی سرگرمیاں رکھی گئی ہیں۔

فیسٹیول کا موضوع ’عوام، کرہ ارض اور امکانات‘ ہے جس کے تحت پاکستان کو درپیش اقتصادی و جغرافیائی اور سیاسی چیلنجز کو موضوع بحث بنایا جائے گا۔

کے ایل ایف میں پاکستان میں آنےوالے حالیہ تباہ کن سیلاب اور ترکیہ و شام میں زلزلہ سمیت موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پرتوجہ مرکوزکی جائے گی۔

14ویں کراچی لٹریچر فیسٹیول میں 200 سے زائد مقررین شرکت کر رہے ہیں، پاکستان، برطانیہ، امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، جرمنی اورفرانس سے تعلق رکھنے والے ماہرین اپنا علم اور زندگی کے تجربات شرکاء سے شیئر کریں گے۔

انعام یافتہ مصنفین ڈیمن گالگٹ اور شیہان کروناتیلاکا بھی پہلی بار کراچی لٹریچر فیسٹیول کا حصہ ہوں گے۔

کراچی لٹریچر فیسٹیول 19 فروری تک جاری رہے گا۔

Read Comments