مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جس دن عمران خان کو پکڑے کا فیصلہ کرلیا تو آپ کو پتہ چل جائے گا اور ساری ہیرو گیری نکل جائے گی۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوتے اور انہیں گھر بیٹھے ہی ضمانت مل جاتی ہے، عدالت سے آج تک اتنی رعایت کسی کونہیں ملتی جتنی عمران خان کو ملی ہے۔
عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کا پلاسٹر کبھی اتر جاتا ہے تو کبھی چڑھ جاتا ہے، فواد چوہدری نے بھی بتایا کہ گولی سے ہڈی بھی بچ گئی، عمران خان میٹنگز تو کررہے ہیں لیکن عدالت نہیں آ سکتے، وہ چاہتے ہیں کہ جو وہ کہہ دیں وہی قانون چلایا جائے، بادشاہ سلامت ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے ہیں اور اپنا میڈیکل شوکت خانم اسپتال کے علاوہ کہیں سے نہیں کراتے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے اب جنرل (ر) باجوہ کی تحقیقات کرانی ہے، آپ تو باجوہ کے کاؤنٹر پارٹ تھے، آپ کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے، اب ضرورت ہے کہ انصاف کی ہوم ڈیلوری کردی جائے، عمران خان پورے نظام کا داماد ہے، انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، ہمارا ریویو سپریم کورٹ کی کسی دراز میں پڑا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ زمان پارک کے باہر یا تو عمرانی سرکس یا بندر کا تماشہ لگا ہے، جس دن عمران خان کو پکڑے کا فیصلہ کرلیا آپ کو پتہ چل جائے گا، اور آپ کی ساری ہیرو گیری نکل جائے گی۔
حالیہ آڈیو لیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تینوں آڈیوز کا مرکزی کردار پرویز الہی ہے، اور ان کی جان محمد خان بھٹی نامی طوطے میں ہے، محمد خان بھٹی کوئی انکشاف کرنے والے ہیں، اس لئے پرویز الہی کوئی بینچ بنوانا چاہتے ہیں، آڈیو پر سپریم کورٹ کا ازخود نوٹس لینا بہت ضروری ہے۔