وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ بلوچستان حکومت کے فیصلوں میں مداخلت کرکے حکومتی کاموں میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، آئندہ کابینہ کے فیصلوں میں کسی بھی قوت کی مداخلت برادشت نہیں کی جائے گی، عدالتوں نے افسران کے تبادلوں پر اسٹے دینے کا سلسلہ ترک نہ کیا تو ایڈووکیٹ جنرل کی جگہ خود عدالت میں پیش ہوں گا۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے میر عبدالقدوس بزنجونے کہا کہ بلوچستان کابینہ کے فیصلوں کے خلاف مسلسل سٹے آرڈر جاری کرکے حکومتی معاملات اور فیصلہ سازی میں مداخلت کی جارہی ہے، ہم عدالتوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ بلوچستان کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، ہم صوبے کی بہتری کیلئے جو فیصلے کر رہے ہیں ان میں رکاوٹیں پیدا نہ کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ کابینہ کے فیصلوں اور حکومتی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اگر مجھے خود عدالت جانا پڑا تو بھی گریز نہیں کروں گا۔
عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ مجھے اس کی پرواہ نہیں کہ کون مجھ پر کیا الزامات لگاتا ہے، میں صرف اللہ کو جوابدہ ہوں، ہم چیزوں کو بہتر کررہے ہیں اللہ ہماری مدد کرے گا۔
میر عبدالقدوس بزنجومزید بولے کہ بطور وزیر اعلیٰ میرٹ پر فیصلے کئے، خواہ ریکوڈک معاہدہ ہو، بھرتیاں یا افسران کی تقرری۔ سیاست میں مخالف کو نیچا دکھانے کی روایت ختم ہونا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان وزیراعظم بنا تو شہباز شریف کو نیب میں گھسیٹا گیا، شہباز شریف اللہ کا بندہ، اللہ جانے شہباز شریف جانے، اللہ نے شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کو عمران خان کے سر پر بٹھا دیا۔