وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوگئے۔
لاہور ایئرپورٹ پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی اور قونصل جنرل امیر اوزبے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔
شہبازشریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے علاوہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔
ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے بعد وزیراعظم کا یہ دورہ جانی ومالی نقصانات پراظہار یکجہتی کے لئے ہے۔
اس سے قبل 6 فروری کو زلزلہ آنے کے بعد وزیراعظم کے ہنگامی دورہ ترکیہ کا اعلان کیا گیا تھا جو بعد میں منسوخ کردیا گیا تھا۔
اس حوالے سے غیرمصدقہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ترکیہ کی جانب سے امدادی سرگرمیاں متاثرہونے کا خدشہ ظاہرکیا گیا تھا جس کے بعد وزیراعظم نے دورہ منسوخ کردیا تھا۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے سے اموات کی تعداد 41 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، اب بھی متعدد افراد ملبے تلے دبے ہیں اس لیے اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔