پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 8 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے 111 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 14 ویں اوور میں حاصل کیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے رائلی روسو 78 رنز اور محمد رضوان 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شان مسعود 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوان تھوسارا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کے بولرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر قہر ڈھا دیا، پوری ٹیم 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی، صرف احسان اللہ نے ہی 12 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ملتان سلطانز کے کپتان رضوان احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جسے بولرز نے صحیح ثابت کردیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 110 رنز بنا کر پویلین جا بیٹھی۔
ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مارٹن گپٹل دوسری اوور میں صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، 33 کے مجموعے پر عبدل بنگلزئی ایک، 37 پر سرفراز احمد 2، 46 پر جیسن رائے 27 اور افتخار احمد صفر رنز بنا کر چلتے بنے۔
عمر اکمل 11، محمد نواز 14 اور محمد حفیظ بھی 18 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے، نسیم شاہ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، محمد حسنین 22 رنز بنا کر ٹیم کے دوسرے ٹاپ اسکورر رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے دوسرا پی ایس ایل میچ کھیلنے والے احسان اللہ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں محض 12 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عباس آفریدی اور ثمین گل 2، 2 شکار کرسکے، اسامہ میر نے بھی ایک وکٹ لی۔
پی ایس ایل سیزن 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہے۔ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کررہے ہیں۔