Aaj Logo

اپ ڈیٹ 14 فروری 2023 10:08pm

گھات لگا کر فائرنگ، 3 سگے بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق، وزیراعلیٰ کا نوٹس

Welcome

وزیرآباد کے نواحی علاقہ ساروکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین سگے بھائیوں سمیت چار طالب علم جاں بحق جبکہ راہگیر باپ بیٹا شدید زخمی ہو گئے، مقتولین کی عمریں 13 سے 17 سال ہیں۔

تین سگے بھائی شبریز ، حسیب اور گلریز ناصر اپنے دوست بلال فیض کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار اسکول سے گھر واپس آ رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

تھانہ احمد نگر کے علاقے ساروکی میں پیش آنے والا یہ افسوس ناک واقعہ سابقہ رنجش کی شاخسانہ بتایا جارہا ہے۔

اس سے قبل بھی اس دشمنی کے باعث دونوں گروپ کے کئی افراد قتل ہو چکے ہیں۔

فائرنگ کے نتیجہ میں شبریز ، حسیب اور ان کا دوست بلال فیض موقع پر جاں بحق ہوئے، جبکہ گلریز ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔

دوسری جانب نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) گوجرانوالا سے رپورٹ طلب کرلی۔

محسن نقوی نے پولیس کو ہدایت کی کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اور ورثاء کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

گھات لگا کر کئے گئے اس حملے میں دو راہگیر 7 سالہ سلیمان اور اس کے والد روزی خان شدید زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق چاروں مقتولین اور زخمیوں کو تحصیل اسپتال وزیرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

احمد نگر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

Read Comments