Aaj Logo

شائع 14 فروری 2023 05:31pm

جیل بھرو تحریک: پی ٹی اۤئی نے گرفتاریوں کا طریقہ کار طے کرلیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جیل بھرو تحریک کا طریقہ کار طے کرلیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کہتے ہیں حقیقی آزادی کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، آئین سے متصادم راستہ قبول نہیں، آئین کو پامال نہیں ہونے دیں گے

چیئرمین پی ٹی اۤئی عمران خان نے جیل بھرو تحریک کے فوکل پرسن اعجاز چوہدری کو تمام صوبائی اور ڈویژن کے صدور سے ڈیٹا لینے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق جیل بھرو تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے پی ٹی آئی کے رہنما سرگرم ہیں۔ تحریک میں مرحلہ وار گرفتاریاں دی جائیں گی۔

جیل بھرو تحریک کا اعلان ہوتے ہی بڑے شہروں سے گرفتاریاں دی جائیں گی، پہلے مرحلے میں لاہور سے 200 کارکنان اور 5 لیڈرزگرفتاریاں دیں گے، دوسرے مرحلے میں پشاور سے 200 کارکنان گرفتاری پیش کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جیل بھرو تحریک کے فوکل پرسن اور پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کہتے ہیں 27 مارچ 2022 کو حقیقی آزادی کی تحریک شروع کی تھی اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عدلیہ کی بالادستی کو بحال رکھنے کے لئے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہوگا۔ حکومت خوف، جبر، تشدد اور جبری گرفتاریوں کے ذریعے لوگوں کو ڈرا رہی ہے۔

اعجاز چوہدری نے کہا تیس دن گزرنے کے باوجود ابھی تک آئین سے متصادم راستہ اختیار کیا گیا ہے، آئین کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔

Read Comments