سویڈن میں پاکستانی سفارت خانے نے جعلی دستاویزات پر افغان شہریوں کو سیکڑوں ویزے دیے جانے کے انکشاف کے بعد متعدد ممالک کے لیے ویزا آپریشن معطل کردیا ہے۔
پاکستان کے دفترخارجہ نے تصدیق کی ہے کہ منگل کے روز ویزا آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق جعلی سویڈش رہائشی اجازت نامے رکھنے والے افغان شہریوں کو 1600 ویزے جاری کیے گئے۔ تمام ویزے سویڈن میں پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے جاری کیے گئے تھے۔
دفتر خارجہ نے پہلے سے جاری کیے گئے تمام ویزے معطل کرتے ہوئے یورپ بھر میں اپنے مشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ افغان شہریوں کو مزید ویزے جاری نہ کریں۔
تاہم جس سفارت خانے میں یہ اسکینڈل پیش آیا وہاں تمام ویزا آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستانی نژاد افراد کو بھی ملک کا دورہ کرنے کے لئے ویزا حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سفارت خانے کی ویب سائٹ پر ’خدمات کی عارضی بندش‘ کا پیغام بھی لگایا گیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے ویزوں کا اجراء روکنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی ممالک میں کچھ ویزوں کا اجرا روکا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ویزوں کا اجراء عارضی طور پرروکا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نظام میں خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے اور اس حوالے سے مسائل کو حل کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب ویزوں کا اجراء روکے جانے کے باعث پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
یوسف خان نامی پاکستانی نے نمائندہ آج نیوزکو بتایا کہ میں ویزہ لینے گیا تو مجھ سے بہت برا سلوک کیا گیا۔
شہری کے مطابق وہ بارہ تیرہ بار پاکستان جاچکے ہیں لیکن ایسا سلوک کبھی نہیں کیا گیا۔