وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، جہاں وہ امن مشقوں کی اختتامی تقریب میں شریک ہوں گے۔
وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کو لانے والے خصوصی طیارے نے فیصل بیس پر لینڈ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم دورہ کراچی میں پاکستان نیوی کے زیراہتمام جاری 8 ویں امن مشق کا جائزہ لیں گے اور تقریب سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت شام 5 بجے ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔
اجلاس میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر پاور ڈویژن اپنی رپورٹ پیش کرے گی، توشہ خانہ پر بین الوزراء کمیٹی رپورٹ کابینہ کوپیش کرے گی۔
کابینہ اجلاس میں کورونا سے بچاؤ کا انجکشن رمیڈیسور کی قیمت مقررکرنے کی منظوری دی جائے گی۔
ای سی سی کے 10 فروری کے فیصلوں کی توثیق کابینہ کرے گی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 9 فروری کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی معاشی صورتحال پرغور ہوگا۔