حیدرآباد کے نجی اسکول میں بچی کی مبینہ خودکشی پر اسکول انتظامیہ کی غفلت سامنے آگئی۔ چھٹی جماعت کی طالبہ اسکول کی تیسری منزل سے کود گئی تھی۔
واقعہ حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد میں واقع نجی اسکول کے جناح کیمپس میں پیش آیا، معاملے پراسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹرز نصرت پروین ساہیتو اورسید نوید علی شاہ پر مشتمل 2 رکنی کمیٹی نے ابتدائی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزیرتعلیم سندھ کوارسال کردی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ، ’ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق حادثے کی جگہ پراسکول اسٹاف کے 2 رکن موجود تھے جو طالبہ کو تیسری منزل سے کودنے سے بچا سکتے تھے’۔
رپورٹ میں اسکول پرنسپل کو معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پربھی طالبہ کے اسکول کی چھت سے گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے جس میں اسے کوریڈور کی دیوار پر چڑھتے دیکھاجاسکتا ہے، وہاں موجود ایک آدمی اسے نیچے اترنے کا کہتا ہے، اسی دوران طالبہ کو گرتے دیکھا جاسکتا ہے۔