ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، ان کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما شوکت ترین کے خلاف مقدمہ ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ اسلام آباد میں درج کیا گیا ہے ۔
شوکت ترین پر بغاوت اور اشتعال انگیزی کی دفعات کے تحت مقدمہ ان کی سوشل میڈیا پر وائرل مبینہ آڈیو کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے ایف آئی اے کو شوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت دے دی
ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے درج مقدمے کے متن مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ شوکت ترین نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ سے کال پر بات کی جس میں دونوں وزراء کو آئی ایم ایف پروگرام کو ناکام کرنے کے لئے بات کی ۔
ایف ائی اے کے مطابق مقدمہ آڈیو لیکس تحقیقات مکمل کرنے کے بعد درج کیا گیا، ان کے خلاف مقدمے کا مدعی ارشد محمود ولد غلام سرور ہے۔
ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ میں درج ایف آئی آر کے مطابق مبینہ آڈیو میں تیمور سلیم جھگڑا اور محسن لغاری سے شوکت ترین گفتگو کر رہے ہیں، مبینہ آڈیو میں بدنیتی پر مبنی گفتگو کی گئی۔
مبینہ آڈیو میں شوکت ترین نے محسن لغاری کو کہا کہ وفاقی حکومت کو سرپلس بجٹ واپس نہ کیا جائے۔
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے خلاف مقدمہ بغاوت اور اشتعال انگیزی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بتایا تھا کہ شوکت ترین کے خلاف انکوائری مکمل ہو گئی اور حکومت نے انہیں گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔