پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک پر مسخروں کو مسلط کردیا گیا ہے، مریم نواز سیکیورٹی کے بغیر نکلیں، ٹماٹر مفت ملیں گے، ہوسکتا ہے کہ مریم کی گاڑی پر آٹا بھی ڈال دیا جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پولیس میرے کیس میں تاحال کوئی چالان پیش نہیں کرسکی، پولیس کو 14روز میں چالان جمع کروانا تھا، آج 16 دن ہوگئے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جہلم کے ایم این اے اور دیگر غدار ہیں تو محب وطن کون ہے؟ اگر میں غدار ہوں تو میرے تمام ووٹرز غدار کو سپورٹ کررہے ہیں، شیخ رشید غدار ہے تو ووٹرز غدار کو سپورٹ کررہے ہیں، عمران خان غدار ہے تو پورا پاکستان غدار ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف بغارت کے مقدمات بنارہی ہے، شہباز شریف بچوں والی حرکتیں کررہے ہیں، ایسی بچکانہ پالیسیوں کی وجہ سے 1970 میں ملک کو نقصان ہوا، ترکیہ میں زلزلہ آیا شہباز شریف جانے کے لئے تیار تھے، وزیراعظم زلزلہ متاثرین کے سامان کے ساتھ تصاویر بنوارہے ہیں، ملک پر مسخرے مسلط کردیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں 17 وزراء اور ہمارے 85 وزراء ہیں، ہمارے تمام 85 وزراء صرف دوروں میں مصروف ہیں، ان لوگوں کی حیثیت نہیں کہ بغیر سیکیورٹی کے کھڑے ہوسکیں، یہ لوگ سیکیورٹی کے بغیر باہر نکلنے کے قابل نہیں ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کروانے کے لئے تیار نہیں، الیکشن کمیشن کا صرف ایک کام ہے الیکشن کروانا، الیکشن کمیشن پر اربوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں، ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بھی الیکشن شیڈول نہیں دیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے، درخواست اب سے کچھ دیر بعد دائر کریں گے، کل مریم نے عدلیہ پر خطرناک تنقید کی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ چوری کے پیسے کو ہضم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ عدالت عمران خان کا کیس مسترد کرے، ہم جیل بھرو تحریک اور عدالتوں کے تحفظ کے لئے تیار ہیں۔