اسلام آباد: ملک میں حالیہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے کچرے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبے پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے غور شروع کردیا۔
نیپرا نے نیشنل ٹرانمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا کوٹا مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق نیپرا نے ہدایت کی کہ این ٹی ڈی سی متعلقہ شراکت داروں سے کوڑا کرکٹ کی معلومات اکٹھی کرے۔ نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ این ٹی ڈی سی وفاقی و صوبائی اداروں سے بھی میونسپل ویسٹ سے متعلق معلومات حاصل کریں۔
نیپرا نے ہدایت کی کہ کوڑے کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ لائحہ عمل اور نئی ٹیکنالوجی سے بجلی کی پیداوار کے لیے تجاویز مرتب کی جائیں جب کہ این ٹی ڈی سی نئی ٹیکنالوجیز سے بجلی سسٹم میں شامل کرنے کے لیے تجاویز لائے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ میونسپل ویسٹ ملک کا بہت بڑا مسئلہ بنتا جارہا ہے، اس کی وجہ سے ماحول اور صحت کے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔