Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 فروری 2023 09:03am

لاہور میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد پنجاب میں پولیو مہم کا آغاز ہوگیا

لاہور میں پولیو کے دو کیسز سامنے آنے کے بعد پنجاب کے پانچ اضلاع میں آج سے انسداد پولیو مہم شروع کردی گئی ہے۔

میانوالی، ملتان اور شیخوپورہ میں 5 روز جبکہ لاہور اور فیصل آباد میں 7 روز تک انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔ مہم میں 34 ہزار سے زائد پولیو ورکر شریک ہوں گے جس دوران 46 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز لاہور میں پولیو کے دو ماحولیاتی نمونوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد محکمہ صحت نے فوری ایکشن لیا تھا۔

محکمہ صحت نے آج سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ پولیو کے مثبت ٹیسٹ گلشن راوی اورملتان روڈ سے ملنے والے نموںوں سے سامنے آئے تھے۔

بچوں کا تعلق نقل مکانی کرنے والی آبادی سے تھا جس کے بعد ملک میں 13 فروری سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا فیصلہ کیا تھا۔

ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ لاہور میں وائرس کی تصدیق کے بعد ملک کے 39 اضلاع میں پولیو مہم کے تحت 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے 13 فروری سے پلائیں گے۔

وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ خصوصی پولیو مہم 13 سے 17 فروری تک 9 اضلاع میں چلائی جائے گی اور 30 اضلاع میں جزوی مہم چلائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دو اضلاع لاہور اور فیصل آباد میں بھی مجموعی طور پر مہم چلائی جائے گی۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ جنوبی خیبر پختونخوا کے 7 اضلاع میں بھی مہم چلے گی، جبکہ بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، شمالی وزیرستان، بالائی جنوبی وزیرستان اور زیریں جنوبی وزیرستان میں بھی پولیو مہم چلائی جائے گی۔

وزیر صحت نے کہا کہ سرحد پار کسی بھی طرف پولیو وائرس دونوں ممالک کے بچوں کے لیے خطرہ کی گھنٹی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں میں پولیو کا وائرس کمزور ہو جاتا ہے اور پولیو کا خاتمہ ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے والدین کی مدد کے بغیر یہ جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔

Read Comments