اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیراسیٹامول ادویات مہنگی اور بجلی کے بڑی صارفین پر سرچارج عائد کردیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے پیراسیٹامول کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق پیراسیٹامول کی 500 ملی گرام (ایم جی) گولی کی قیمت 2.6 روپے اور پیراسیٹامول ایکسٹرا 500 ایم جی ٹیبلٹ کی قیمت 3.3 روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ مذکورہ ادویات کی قیمتیں بھارت سمیت دیگر پڑوسی ممالک کی نسبت کم ترین ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ای سی سی نے بجلی کے بڑے صارفین سے 76 ارب روپے وصول کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا، بجلی کے بڑے صارفین پر ایک روپیہ فی یونٹ سرچارج عائد ہوگا جس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی عائد ہوگا۔
اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب روپے کے بجلی بل معاف کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 10 ارب 34 کروڑ کی گرانٹ منظور کرلی جب کہ اجلاس میں وزارت دفاع کے لیے 45 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔