Aaj Logo

شائع 10 فروری 2023 11:31am

شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

مقامی عدالت سے درخواست خارج ہونے کے بعد اب سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی جو سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں شیخ رشید نے مؤقف اپنایا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، آصف زردای کے خلاف بیان پر میرے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، آصف زرداری نے کوئی شکایت نہیں کی، تیسرے فریق کی شکایت پر مقدمہ بنا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جیل میں ہوں اب مزید کسی تفتیش کے لئے پولیس کو میری ضرورت نہیں، مچلکے جمع کروانے پر تیار ہوں، ضمانت منظور کی جائے۔

شیخ رشید کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری سماعت کے لئے مقرر ہو گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت 13 فروری بروز پیر کو ہوگی۔

درخواست ضمانت بعد از گرفتاری تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ شیخ رشید کے آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے بیان پر مقدمہ درج ہے۔

Read Comments